محکمہ پاسپورٹ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہریوں کے پاسپورٹ بیگ لاک کو صفر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات بنگلادیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا, جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور پاسپورٹ پروڈکشن پروسیس کا جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے ہائی کمشنر کو پاسپورٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، بالخصوص آن لائن سروسز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
مصطفیٰ جمال نے کہا کہ پاسپورٹ بیگ لاک کا مسئلہ کئی برسوں سے شہریوں کو درپیش رہا، تاہم جدید اقدامات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس مسئلے پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے، یہ کامیابی محکمہ کی شفاف اور مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
