محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، اندرون سندھ مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنو بی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں تیز موسلا دھار، شدید موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، روہڑی، پڈعیدن، لاڑکانہ اور نوشہروفیروز سمیت کئی شہروں میں شدید بارش ہوئی۔
