اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ججز تبادلہ و سنیارٹی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سپریم کورٹ میں ججز تبادلہ و سنیارٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ججز تبادلہ و سنیارٹی کیس کا مختصر فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ 14 ججز چھوڑ کر 15ویں نمبر والے جج کا کیوں تبادلہ کیا گیا؟
واضح رہے کہ جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد آصف اور جسٹس خادم حسین سومرو کا اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلہ ہوا تھا۔ 3 ججز کے تبادلوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
تبادلے اور سنیارٹی کے خلاف جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے والے 5 ہائی کورٹ ججز میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی شامل ہیں۔