صدر مملکت آصف علی زرداری نے نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دیدی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے سمری پر دستخط کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی۔
صدر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی۔ صدر نے جسٹس یحییٰ سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ وزارت قانون نے چیف جسٹس یحیی ٰآفریدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، یحیی ٰآفریدی پاکستان کے30 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تعیناتی نے جسٹس یحییٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دی تھی۔