بنگلہ دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو برطانیہ منتقلی سے قبل بھارت میں محفوظ خفیہ مقام پر رہائش دے دی گئی۔
بنگلہ دیشی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک شیخ حسینہ واجد کے بھارت میں قیام کا امکان ہے۔ اس دوران حسینہ واجد کی نئی دلی میں مقیم اپنی بیٹی صائمہ واجد سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد بھارتی وزیراعظم نے سکیورٹی سے متعلق کابینہ اجلاس بلا لیا تھا، اجلاس کے مندرجات سامنے نہیں آئے ہیں تاہم بنگلہ دیشی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک حسینہ واجد کو بھارت میں خفیہ مقام پر رہائش دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد گزشتہ روز حسینہ واجد نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔