وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خدا کے لیے ملک پر رحم کریں، اس کو چلنے دیں، شہباز شریف کو معیشت خراب حالت میں ملی، عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں۔
لاہور کے ماڈل بازار ٹاؤن شپ میں ہوم ڈلیوری سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے 4 سال میں ملک کو تباہ کردیا۔ ماضی میں ملک میں مجرمانہ غفلت کے سوا کچھ نہیں تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری سے کس نے دوچار کیا؟ کون ہے جس کو ملک کی ترقی اچھی نہیں لگتی؟ آئی ایم ایف کو لانے والا اڈیالہ جیل میں ہے، جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو نہ جانے کس کی نظر لگ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص کو واپس لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے، خواہش ہم پوری نہیں کریں گے، ہم یہ سب آسانی سے ہونے نہیں دیں گے۔ ایسے معاملات پر ہمیں کان اور آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، یہ ہمارا ملک ہے، ہم ایسے معاملات کو روکیں گے، چپ نہیں رہیں گے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ صدا عہدوں پر کسی نے نہیں رہنا مگر ہم 5 سال پورے کریں گے، فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کیے جائیں۔ پی ٹی آئی کو وہ ملا جو اس نے مانگا ہی نہیں، پی ٹی آئی والوں کو بے گناہ پیش کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پتہ نہیں پی ٹی آئی کو پیسہ کہاں سے فراہم ہوتا ہے، انتشار پھیلانے والوں کو معصوم ظاہر کیا جارہا ہے۔