خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں وزارتِ عظمیٰ کی جنگ جاری ہے ، راجکماری کے بہتے آنسو خاندان شریفیہ میں اختلافات کا ثبوت ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ راجکماری کہتی ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، وہ کون ہے جو آپ کو کام نہیں کرنے دے رہا۔ آپ کے چچا اور ابا جی کی حکومت میں آخر یہ فریاد کیوں؟۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔ نواز شریف گروپ بمقابلہ شہباز شریف گروپ آپس میں دست و گریباں ہیں۔ شہباز شریف کی گردن اسحاق ڈار اور رانا ثناءاللہ کے ذریعے دبائی ہوئی ہے ، مریم نواز کا ہدف بھی شہباز شریف اور اس کی حکومت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرسی کی اس اندرونی لڑائی میں عوام رل رہے ہیں ، مریم نواز کی تمام توجہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان اور عمران خان کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر مرکوز ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز عنقریت اڈیالہ جیل میں قید بامشقت کاٹ رہی ہوں گی، پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔