7سابق آسٹریلوی کرکٹ کپتانوں نے سابق وزیراعظم اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان کی حراست اور مبینہ طور پر بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ سے پاکستانی حکومت کے سامنے یہ معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کپتان گریگ چیپل نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی صورتحال پر گفتگو کے لیے وزیر خارجہ پینی وانگ سے فوری ملاقات کے خواہاں ہیں۔
گریگ چیپل کے علاوہ سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، کم ہیوز، مارک ٹیلر اور اسٹیو وا بھی پینی وانگ کو بھیجے گئے خط پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔
منگل کو بھیجے گئے خط میں سابق آسٹریلوی کپتانوں نے لکھا کہ عمران خان نے پاکستان کو واحد ورلڈ کپ ٹائٹل دلایا اور بعد ازاں وزیراعظم کی حیثیت سے بھی ملک کی قیادت کی۔
خط میں کہا گیا کہ آسٹریلوی عوام عمران خان کو بطور کرکٹر قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی مہارت اور قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کھیل پر دیرپا اثرات چھوڑے ہیں، جبکہ انہوں نے کینسر اسپتال قائم کرکے پاکستانی عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کیا۔
