میٹا کی زیرِ ملکیت ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے نیا اے آئی امیج جنریٹر فیچر متعارف کرایا ہے.
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کا نام اے آئی سے تیار کردہ تصاویر برائے اسٹیٹس رکھا گیا ہے، جو میٹا کی جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے، اس میں صارف کو صرف ایک جملہ یا وضاحتی عبارت لکھنی ہوگی، جیسے سورج غروب ہونے کا منظر یا رات کا روشن آسمان، اور واٹس ایپ خود بخود اسی تھیم سے مطابقت رکھنے والی متعدد تصاویر تیار کر دے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق صارف اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اسٹیٹس والے حصے میں جا کر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر کا اختیار منتخب کرے گا، پھر اپنی مرضی کا جملہ لکھے گا، جس کے بعد ایپ مختلف تصاویر تخلیق کرے گی جن میں سے وہ پسندیدہ تصویر منتخب کر سکتا ہے، صارف چاہے تو تصویر میں ایموجی، اسٹیکر یا عبارت بھی شامل کر سکتا ہے۔
