حکومت بلوچستان نے یکم محرم سے دس محرم کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے آٹھ اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام تک نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، جھل مگسی، استا محمد، کچھی، سبی اور کوئٹہ شہر میں دفعہ 144کے تحت مختلف پابندیاں عائد رہیں گی۔
ان میں اسلحہ کی نمائش، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، نفرت انگیز کتابیں، رسائل، سی ڈیز اور کیسٹوں کی نمائش و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر غیر متعلقہ اور مشکوک افراد کے داخلے پر پابندی ہو گی، دیواروں پر چاکنگ اور پوسٹرز لگانے، چھتوں و کھڑکیوں پر کھڑے ہونے، دیگر شہروں سے آنے والے ذاکرین، علماء اور اشتعال انگیز مقررین کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
