برطانیہ نے موٹاپے سے نمٹنے کے لئے شوگر ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی حکومت نے ملک شیک، پیکڈ ملک اور ڈرنکس پر شوگر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے، انگلینڈ میں ڈرنکس میں 100 ملی لیٹر میں چینی کی حد 5 گرام سے کم کرکے ساڑھے 4 گرام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانوی حکومت کے مطابق چینی کی حد ساڑھے 4 گرام سے زائد ہونے پر شوگر ٹیکس عائد ہو جائے گا۔
وزیر صحت ویس اسٹریٹنگ نے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ موٹاپا بچوں کو زندگی کے بہترین آغاز سے محروم کرتا ہے اس سے زیادہ غریب افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹے افراد زندگی بھر صحت کے مسائل میں گھرے رہتے ہیں اور ان کے علاج معالجے پر حکومت کے اربوں پاؤنڈ خرچ ہو جاتے ہیں۔
میڈیا کے مطابق نئے شوگر ٹیکس کا یکم جنوری 2028 سے اطلاق ہو گا، کیفے اور بازار میں ملنے والے اوپن کپ ڈرنکس پر ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔
