ہالی ووڈ کے معروف سپر اسٹار ٹام کروز کو بالآخر ان کے طویل کیریئر پر پہلا اعزازی آسکر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 63 سالہ اداکار ٹام کروز نے یہ اعزازی آسکر ہالی ووڈ میں سالانہ گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں وصول کیا، جہاں دیگر معروف شخصیات جیسے ڈولی پارٹن، ڈیبی ایلن اور پروڈکشن ڈیزائنر وِن تھامس کو بھی سراہا گیا۔
تقریب میں ٹام کروز نے جذباتی انداز میں کہا کہ فلمیں بنانا وہ نہیں جو میں کرتا ہوں، یہ وہ ہے جو میں ہوں۔
اسٹیج پر پہنچتے ہی کروز کو فلمی شخصیات بشمول اسٹیون اسپیلبرگ، لیونارڈو ڈی کیپریو اور جیری بروک ہائمر کی جانب سے لمبی تالیوں اور اسٹینڈنگ اوویشن سے نوازا گیا، اعزازی ایوارڈ انہیں فلمساز الیخاندرو جی. اِناریٹو نے پیش کیا، جو کروز کی آنے والی فلم کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔
اپنی تقریر میں کروز نے کہا کہ سینما نے مجھے دنیا دکھائی، مختلف ثقافتوں کو سمجھنے کا موقع دیا، اور یہ احساس دلایا کہ ہم سب بنیادی طور پر ایک جیسے ہیں، تھیٹر میں ہم ہنستے ہیں، روتے ہیں، امید کرتے ہیں اور خواب دیکھتے ہیں، یہی اس فن کی طاقت ہے۔
