بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو محسن نقوی اور سلمان آغا سے ہاتھ ملانا مہنگا پڑ گیا۔
بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار یادیو کو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی اور پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ ملانے پر غدار قرار دے دیا گیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل ہی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو توجہ کا مرکز بن گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جارحیت ہمیشہ میدان میں ہوتی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ جارحیت کے بغیر آپ یہ کھیل کھیل سکتے ہیں۔
سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ میں میدان میں اترنے کے لئے بہت پرجوش ہوں، کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کے اختتام پر سوریا کمار یادیو نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا سے مصافحہ کیا جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں سوریا کمار کو پی سی بی کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ہاتھ ملاتے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد سوریا کمار یادیو کو صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

