سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
آئینی بنچ نے شبلی فراز کی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل نمٹا دی، عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو شبلی فراز کی زیر التواء درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں مداخلت نہیں کریں گے ، آپ نے سنیٹ الیکشن کیلئے امیدوار بھی نامزد کر دیا ،جب امیدوار نامزد کردیا تو حکم امتناع کیوں مانگ رہے ہیں؟۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم آئینی بنچ کے سامنے شبلی فراز کی درخواست پر سماعت تھی ،ہم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ملتوی ہوئی تھی آج سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ،ہائیکورٹ کو ڈایریکشن جاری کی گئی ہیں کہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کریں ،مجھے افسوس ہے کل سینیٹ کا الیکشن ہو رہا ہے۔
