بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی اور فلم ساز بونی کپور کی صاحبزادی خوشی کپور کی فلم موم 2 کے سیٹ سے لی گئی ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی سری دیوی کی سپر ہٹ فلم موم کا سیکوئل ہے، پہلی فلم میں سری دیوی نے ایک ایسی ماں کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا بدلہ لیتی ہے، موم 2 میں خوشی کپور کو اسی کہانی کے نئے باب میں مرکزی کردار میں پیش کیا جا رہا ہے، جو سری دیوی کی فنی وراثت کو آگے بڑھانے کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ٹی وی اداکارہ کرشمہ تنہ بھی اس فلم میں ایک اہم اور منفرد کردار نبھائیں گی اور فلم کی ہدایتکاری گریش کوہلی کر رہے ہیں، جو پہلی موم فلم کے اسکرین پلے رائٹر بھی تھے، انہیں اس بار ہدایتکار کے طور پر منتخب کرنے کی بڑی وجہ ان کی کہانی سے گہری وابستگی بتائی جا رہی ہے۔
