سعودی عرب نے رواں سال کی امدادی گرانٹ کی نئی قسط کے طور پر فلسطین کو 9 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کر دی ہے۔
یہ رقم اردن کے دارالحکومت عمان میں سعودی سفارتخانے میں منعقدہ ایک ملاقات کے دوران فلسطینی وزیرِ منصوبہ بندی و قائم مقام وزیرِ خزانہ اسطفان سلامہ کو دی گئی۔
ملاقات میں سعودی عرب کے اردن میں سفیر اور فلسطین کیلئے غیر مقیم نمائندے شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان آل سعود بھی موجود تھے۔
وزیر اسطفان سلامہ نے سعودی عرب کی مسلسل مالی و سیاسی حمایت کو سراہا اور کہا کہ یہ امداد اسرائیلی پالیسیوں کے باعث شدید مالی بحران کا شکار فلسطینی اتھارٹی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کی تاریخی حمایت نے ہمیشہ فلسطینی عوام کا حوصلہ بڑھایا ہے۔
سلامہ نے صدر محمود عباس اور وزیرِ اعظم محمد مصطفیٰ کی جانب سے سعودی قیادت خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے شکریہ کا پیغام بھی پہنچایا۔
