جاری ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچز میں کارکردگی سے زیادہ تنازعات خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
بھارتی ٹیم کا اسپورٹ مین اسپرٹ بھول جانے سے لے کر فخر زمان کے غلط کیچ آؤٹ تک، یہ تنازعات متعلقہ فورمز پر باقاعدہ شکایات کی صورت بھی درج کرائے گئے ہیں۔
اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی کھلاڑیوں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں شکایت درج کرا دی ہے۔
شکایت میں بھارتی بورڈ نے صاحبزادہ فرحان کی جانب سے ففٹی اسکور کرنے پر اپنائے گئے جشن کے انداز پر اعتراض اٹھایا ہے۔
اس کے علاوہ سپر فور مرحلے کے دوران حارث رؤف پر بھی ‘اشتعال انگیز اشارے’ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
حارث رؤف نے بھارتی تماشائیوں کی ہلڑ بازی کے جواب میں ہاتھ سے ‘چھ’ اور ‘صفر’ کا اشارہ کیا تھا جس پر بھارتی بورڈ نے اعتراض اٹھایا ہے۔
