محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام یا رات میں بالائی خیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال اور سیالکوٹ میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے، نارووال،گجرات اورگوجرانوالہ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بوندا باندی کی توقع ہے، آزاد کشمیر اور گلگت میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
