تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف کارروائی کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم میں عوام کیلئے کچھ نہیں ہے، عدالتوں کو انتظامیہ کے ماتحت کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگ انصاف کیلئے کہا ں جائیں گے؟ پشاور سے جج کو اسلام آباد یا پنجاب ٹرانسفر کیا جائے گا تو وہ کیسے کام کرے گا، اسد قیصر نے کہا کہ 18ویں ترمیم تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے، ان کے خلاف کارروائی کریں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن جرگہ میں تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی جڑیں 26 ویں ترمیم میں پیوست ہیں، جس نے عدلیہ کے دائرہ اختیار اور انتظامی اثر و رسوخ کو ازسرِنو متعین کیا۔ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے دور کے چند متنازع فیصلے، جیسے بیٹ کے انتخابی نشان اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے مقدمات، اس ترمیم کی بنیاد بنے۔
