دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے پاور پلے کے تعین کا طریقہ تبدیل کردیا ہے۔
اب اگر کسی میچ کے اوورز کم کر دیے جائیں تو پاور پلے قریبی مکمل اوور کے بجائے “قریبی گیند” یعنی Nearest Ball کی بنیاد پرمقرر ہو گا، نیا قانون جولائی 2025 سے نافذ ہو گا۔
اس وقت پاور پلے 20 اوورز کی اننگز میں 6 اوورز پرمشتمل ہوتا ہے اگرکسی میچ میں اننگز کم ہو کر8 اوورزرہ جائے تو پاور پلے 13 گیندوں تک محدود ہو گا جبکہ 9 اوورزکی اننگز میں پاور پلے 14 گیندوں پرمحیط ہو گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس ترمیم سے فیلڈنگ پابندی کا تناسب اصل 30 فیصد کے قریب رہے گا اورکھیل مزید منصفانہ اورمتوازن ہو گا۔
یہ طریقہ کارانگلینڈ کے ٹی 20 بلاسٹ میں پہلے سے کامیابی کے ساتھ رائج ہے اوراب اسے مردوں کی کرکٹ کمیٹی نے بھی باقاعدہ منظورکرلیا ہے، آئی سی سی نے تمام رکن ممالک کواس تبدیلی سے آگاہ کردیا ہے۔
