قریبی اسٹریٹجک رابطوں اور معاشی سفارت کاری کے امتزاج کے نتیجے میں، جس کی قیادت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جمعہ کے روز امریکا نے پاکستان کی برآمدات پر 19 فیصد اضافی ٹیرف لگانے پر اتفاق کیا۔ یہ حتمی نتیجہ امریکا کی جانب سے ابتدائی طور پر اعلان کردہ 29 فیصد ٹیرف کے مقابلے میں 10 فیصد کمی ہے۔
اس سے پاکستان کو اپنے جنوبی ایشیائی حریفوں کے مقابلے میں بڑا فائدہ ملا ہے، خاص طور پر بھارت کی ان برآمدات کے مقابلے میں جو ٹیکسٹائل، متعلقہ مصنوعات اور چاول کے شعبوں میں ہیں۔ پاکستان اپنی برآمدات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ بار بار پیدا ہونے والے زرمبادلہ کے بحران سے نکل سکے، اس نے ایک اہم برتری حاصل کر لی ہے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب امریکا نے چند روز قبل بھارتی برآمدات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ بھارت کی برآمدات کو روس کے ساتھ لین دین کی وجہ سے مزید سزاؤں کا بھی سامنا ہوگا۔ جنوبی ایشیا میں، امریکا کا بنگلہ دیش پر لگایا گیا اضافی ٹیرف پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
