پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں معیشت، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ شراکت داری قائم ہے اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصری وزیر خارجہ کا یہ دورہ مشترکہ اہداف کے حصول، سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان نے مصر کو 250 بزنس ہاؤسز کی فہرست فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
