پاکستان میں سردیوں کا موسم خاص طور پر شمالی علاقوں میں شدید ہوتا ہے، جبکہ بڑے شہروں جیسے لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی سخت سردی پڑتی ہے، اس موسم میں صحت، حفاظت اور روزمرہ زندگی کے معاملات پر خاص توجہ دینا ضروری ہے تاکہ ہم سردی کے عام مسائل سے بچ سکیں۔
ماہرین موسمیات نے 2025-26 کے موسم سرما کو پچھلی کئی دہائیوں میں سب سے سخت اور طویل سردیوں میں شامل ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لا نینا نامی موسمیاتی رجحان بحرالکاہل کے خطِ استوا میں سمندری سطح کے درجہ حرارت میں کمی پیدا کر رہا ہے، جس کے اثرات سے فضائی دباؤ اور جیٹ اسٹریم میں تبدیلی آتی ہے، اگر یہ رجحان پوری شدت سے نمودار ہوا تو دنیا کے کئی خطوں میں معمول سے پہلے طویل برفباری، سردی کی لہر اور زیادہ مدت تک جمی رہنے والی برف کا امکان ہے۔
سردیوں میں کیا کرنا چاہیے؟
گرم لباس پہنیں:
جسم کو گرم رکھنے کے لیے کپڑوں کو تہہ در تہہ پہنیں، خاص طور پر سر، کان اور ہاتھوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ رات کو بستر میں گرم پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، خود کو کمبل میں اچھی طرح گرم رکھیں اور کمرے کا درجہ حرارت مناسب رکھیں۔

برف کو غلط طریقے سے نہ پگھلائیں:
پائپ لائن جم جانے پر آگ یا ٹارچ کا استعمال نہ کریں، اس سے نقصان ہو سکتا ہے۔ بال ڈرائر یا ہیٹر استعمال کریں۔

