خیبرپختونخوا بار کونسل نے آج صوبہ بھر میں عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
خیبرپختونخوا بار کونسل کے مطابق سوات کے علاقہ مٹہ میں پولیس نے ایڈووکیٹ شاہد علی پر تشدد کیا، واقعہ پر محکمہ پولیس نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا۔
پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی نے متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو فوری معطل اور تبدیل کرنے کی سفارش کی۔
کے پی بار کونسل کے مطابق کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے آج عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ آئی جی کے پی نے وکلاء کے وفد سے ملاقات سے بھی انکار کیا، اگر وکلاء کے مطالبات نہ مانے گئے تو مزید لائحہ عمل پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
