پاکستان میں سولر پینلز اور انٹرنیٹ سروسز مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف نے کھادوں اور زرعی ادویات پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز مسترد ہونے کے بعد متبادل ٹیکس اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔ اگر حکومت کی آمدن مقررہ حد سے کم رہی تو سولر پینلز اور انٹرنیٹ سروسز پر ٹیکس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے تاکہ محصولات میں کمی کو پورا کیا جا سکے۔
یہ ’’ایمرجنسی ٹیکس اقدامات‘‘ آئی ایم ایف کے آئندہ دوسرے جائزہ رپورٹ کا حصہ ہوں گے، جو فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صرف اسی صورت میں لاگو ہوں گے جب مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) میں محصولات کی وصولی مقررہ حد سے کم رہی یا وزارت خزانہ اخراجات پر قابو پانے میں ناکام رہی۔
