لبنانی نژاد فرانسیسی کمپوزر اور سابق مس یونیورس جج عمر حرفوش نے الزام عائد کیا ہے کہ مقابلہ پہلے سے طے شدہ تھا، مس یونیورس کے مالک راؤل روچا نے کاروباری مفادات کی وجہ سے مس میکسیکو فاطمہ بوش کو پہلے ہی فاتح مقرر کر رکھا تھا۔
عمر حرفوش نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا کہ مس میکسیکو ایک جعلی ونر ہے، میں نے امریکہ کے ایچبیاو (HBO) پر فائنل سے 24 گھنٹے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ فاطمہ بوش جیتے گی، کیونکہ راؤل روچا کا اس کے والد کے ساتھ کاروباری تعلق ہے۔
عمر نے مزید دعویٰ کیا کہ دوبئی میں روچا اور ان کے بیٹے نے انہیں زور دے کر کہا کہ فاطمہ کو ووٹ دو کیونکہ اس سے ہمارے بزنس کو فائدہ ہوگا۔
راؤل روچا نے ویڈیو بیان میں کہا کہ انہوں نے عمر حرفوش کو ججنگ پینل سے خود ہٹایا کیونکہ ان کے بیانات سے چیریٹی پروگرام متاثر ہو رہا تھا۔ روچا نے وہ میسجز بھی شیئر کیے جن میں وہ عمر حرفوش کو بتا رہے ہیں کہ ان کے الزامات ناقابلِ قبول ہیں اور اسی وجہ سے انہیں جج کے طور پر برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔
