انڈین پریمیئر لیگ کو بڑا جھٹکا، فاف ڈوپلیسی اور معین علی کے بعد گلین میکسویل نے بھی آئی پی ایل چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے 13 سال بعد آئی پی ایل چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ میں اس سال آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل نہیں ہوں گا۔
37 سالہ میکسویل نے اپنے بیان میں اس فیصلے کی تصدیق کی، ان کاکہنا تھا کہ آئی پی ایل کے کئی ناقابلِ فراموش سیزنز کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال نیلامی میں اپنا نام شامل نہ کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل نے انہیں بطور کرکٹر اور بطور انسان نکھارا ہے۔ مجھے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے، شاندار فرنچائزز کی نمائندگی کرنے اور جنون سے بھرپور شائقین کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع ملا۔

یہ یادیں، یہ چیلنجز اور بھارت کی توانائی ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سالوں سے ملنے والی محبت کا شکریہ، امید ہے کہ جلد دوبارہ ملاقات ہو گی۔
