فرانس کا ایک شہری جب اپنے صحن میں سوئمنگ پول بنانے کے لیے کھدائی کر رہا تھا تو یکایک اس کی آنکھیں سونے کی چمک سے چندھیا گئیں۔
کھدائی جاری رکھنے پر شہری کو کل 8 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کا سونا دفن ملا۔
یہ غیر معمولی دریافت رواں سال مئی میں نیوویل-سور-سون نامی شہر میں ہوئی تھی، جس کی تصدیق مقامی حکام نے بدھ کے روز کی۔
شہری نے سونا ملنے کے فوراً بعد مقامی حکام کو اطلاع دی۔ تحقیقات کے بعد ضلعی کونسل نے فیصلہ کیا کہ چونکہ یہ خزانہ کسی آثارِ قدیمہ کی سائٹ سے نہیں ملا، اس لیے دریافت کرنے والے کو اسے رکھنے کی اجازت دی گئی۔
مقامی اخبار لو پروگریس کے مطابق، شہری کو زمین کے اندر 5 سونے کی اینٹیں اور متعدد سکے ملے، جو پلاسٹک کے تھیلوں میں دفن تھے۔
بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی کہ یہ سونا قانونی طور پر حاصل کیا گیا تھا اور تقریباً 15 سے 20 سال قبل قریبی ریفائنری میں پگھلایا گیا تھا۔
