آج اسلام آباد میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا، چیئرمین پنجاب ریاض اللہ خان، چیئرمین کے پی کے نعیم بٹ، سینیئر وائس چیئرمین خرم مقصود، ڈپٹی چیئرمین عامر رفیق سمیت دیگر موجودہ اور سابق عہدیداران شریک ہوئے۔
سابق چیئرمین پنجاب افتخار احمد مٹو، رضا احمد شاہ، خواجہ عمران طارق سیٹھی اور متعدد مل اونرز بھی وفد کا حصہ تھے۔
وفد نے وفاقی وزیر کو فلور مل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ملک میں گندم اور اس سے بنی مصنوعات کی دستیابی، پاسکو گندم کے اجرا سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو 8 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی پیشکش کی اور تجویز دی کہ اس گندم کی ملک بھر میں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے تاکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔
وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر حکومت اس تجویز پر عمل کرے تو آٹا اور روٹی — جو عام آدمی کی بنیادی ضرورت ہیں — کنٹرول ریٹ پر عوام کو دستیاب ہو سکیں گے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ممکن ہو گا۔
مزید برآں، ملاقات کے دوران یہ بھی تجویز دی گئی کہ گندم کی امپورٹ کر کے مصنوعات تیار کر کے ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے اس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور معاشی بہتری میں مدد مل سکتی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت فلور مل انڈسٹری کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور برابری کی سطح پر کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
