دریائے چناب، ستلج اور راوی بدستور سیلاب کی لپیٹ میں ، حفاظتی بند ٹوٹنے سے پنجاب میں سیکڑوں بستیاں زیر آب آنے سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں ، سیلاب سے 17 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
لاہورکے متعدد علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا ہے ، دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کی وجہ سے فرخ آباد، عزیز کالونی،امین پارک، افغان کالونی،شفیق آباد، مریدوالا کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
لاہور میں رنگ روڈ سے ملحقہ بادامی باغ کے علاقے میں بھی دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہوا ہے ۔ چوہنگ کے مختلف علاقے بھی زیر آب آ گئے ہیں۔ چوہنگ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پانی داخل ہونے کے بعد مکینوں نے نقل مکانی کر لی۔
دریائے راوی نے نارنگ منڈی میں بھی تباہی مچا دی، ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہو گئی، مواصلات کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث کئی دیہات اور ڈیرہ جات کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔
