برازیل کے شہر بیلم میں جاری COP30 موسمیاتی سمٹ میں جمعرات کو اچانک لگنے والی آگ نے ہنگامی صورتحال پیدا کر دی، جس کے باعث پورے کانفرنس سینٹرکو فوری طور پر خالی کرایا گیا۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی سائرن بجا، مندوبین، مبصرین اور صحافی اپنے کاغذات اور سامان سمیٹ کر ہال سے باہر نکلنے لگے جبکہ پولیس نے متاثرہ حصے کے قریب جانے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔
برازیل کے وزیرِ سیاحت نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ آگ مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، مگر انہوں نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ شرکا آج یا جمعے کے روز مذاکراتی ہال میں واپس آسکیں گے یا نہیں۔
سمٹ کے منتظمین نے بھی آگ پر قابو پانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر پورے مقام کا انخلاء لازمی قرار دیا ہے۔
