وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ستھرا پنجاب کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بڑے فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو کوڑے کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کا جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صفائی کا اتنا بڑا اور مربوط نظام کسی معجزے سے کم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سطح کا نظام برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا لیکن ہم نے صفر سے آغاز کیا اور آج اس منصوبے میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
کمرشل علاقوں اور سڑکوں پر کوڑا پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا جبکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو مرحلہ وارماحول دوست الیکٹرک وہیکلزمیں تبدیل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروجیکٹ کو شہریوں کی جانب سے جو مثبت فیڈ بیک مل رہا ہے وہ حوصلہ افزا ہے۔
