چین کے شہر شنگھائی میں پالتو کتے پر رنگین ٹیٹوز بنائے جانے کے واقعے پر جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں متحرک ہوگئیں۔
شنگھائی میں منعقدہ پیٹ فیئر ایشیا میں شریک ایک شخص نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں میکسیکن نسل کے بالوں سے محروم کتے کو بڑے بڑے ٹیٹوز کے ساتھ دکھایا گیا۔
ویڈیو میں کتے کی کمر سے لے کر اگلے پاؤں تک پھیلا ہوا ایک ڈریگن ٹیٹو نمایاں تھا، عینی شاہدین کے مطابق کتے کے مالک نے دعویٰ کیا کہ ٹیٹو بغیر کسی بے ہوشی یا دوا کے بنایا گیا۔
مالک نے حاضرین کو تصاویر لینے کی دعوت دیتے ہوئے کتے کو گردن سے اٹھا کر کہا کہ دیکھو اسے کچھ نہیں ہوتا، یہ کچھ بھی محسوس نہیں کرتا۔
پیٹ فیئر میں موجود حاضرین کے مطابق کتا مسلسل خوفزدہ نظر آ رہا تھا اور کھانے کی کوئی چیز قبول نہیں کررہا تھا، کچھ لوگوں نے کتے کے پاؤں پر زخم دیکھنے کا بھی دعویٰ کیا، منتظمین نے واقعے کے بعد کتے کے مالک کو ایونٹ میں داخلے سے روک دیا۔
