سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
ایس این جی پی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹرعامر طفیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب صارفین کو گھروں میں گیس کی فراہمی دوبارہ ممکن ہو گئی ہے اور ایل این جی کنکشنز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل کے ہیڈ آفس میں ایک خصوصی مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے اس کے علاوہ ریجنل سطح پر بھی مانیٹرنگ یونٹس قائم کئے گئے ہیں تاکہ صارفین کی درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دو لاکھ 45 ہزار صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے ہی جمع تھے انہیں خطوط جاری کر دیے ہیں تاکہ وہ اپنے کنکشنز کی تنصیب مکمل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ان صارفین کو دی جائے گی جو پہلے سے رقم جمع کرا چکے ہیں۔
