پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ سات سال کے وقفے کے بعد میں دوبارہ کام کے لیے تیار ہوں، بچوں اور گھر کے انتظامات کے بعد اب خاندان اور پیشہ ورانہ زندگی کے درمیان بہتر توازن قائم کرنا چاہتی ہوں۔
آمنہ شیخ نے کہا کہ جو گھر اور ماحول میں نے بنایا تھا اس کے لیے میری مکمل توجہ اور وقت درکار تھا، یہ وقفہ میرے لیے بالکل ارادی تھا، مجھے اپنی خاندانی زندگی کو دوبارہ ترتیب دینا، اپنے بچوں کی پرورش اور ابتدائی سالوں میں ان کی دیکھ بھال کرنا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقفہ میری زندگی میں سکون، بصیرت اور ذاتی توازن لانے کا باعث بنا، اور اب میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ اس شعبے میں قدم رکھ رہی ہوں۔
آمنہ شیخ کی واپسی ٹی وی ڈرامے کیس نمبر 9 سے ہوئی، جس میں انہوں نے ایک وکیل کا کردار ادا کیا ہے جو زیادتی کا شکار خاتون کی نمائندگی کرتی ہے، ڈرامے کی کہانی عدالت، قانون اور سماجی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔
