سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کی خواہشات کے بجائے بڑے لوگوں کی خواہش پر آئینی ترامیم ہو رہی ہیں، ضرورت پڑی تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
مردان میں تکمیل حفظ القرآن کریم الجامعہ الاسلامیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ملک امن، بھائی چارے اور آزادی کی علامت ہونا چاہیے تھا، آج آئین کو کھلونا بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہشات پر شب خون مارا جا رہا ہے، 27 ویں ترمیم کیلئے لوگوں کو خرید کر دو تہائی اکثریت بنائی گئی، کھوکھلی اکثریت سے 27 ویں ترمیم منظور کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ کے ہاتھوں سے فلسطینیوں کا خون ٹپک رہا ہے اور شہباز شریف ٹرمپ کو اَمن کا نوبیل انعام دینے کی بات کر رہے ہیں۔ جنگ کی باتوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے ،پاکستان اور افغانستان کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
