معروف پاپ گلوکار عاصم اظہر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹیں ڈیلیٹ کرکے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
عاصم اظہر نے فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صرف ایک مختصر لیکن پراثر سٹوری چھوڑی: ”خدا حافظ“۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
گلوکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بالکل صاف ہے اور ان پر کوئی پوسٹ موجود نہیں، ان کی ”خداحافظ“ سٹوری مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ تاہم گلوکار نے ابھی تک اس اچانک قدم کی کوئی وضاحت نہیں دی۔
عاصم اظہر کا یہ نیا قدم ان کے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ لائیو کنسرٹ کے بعد سامنے آیا، جہاں عاصم نے کنسرٹ کے تاخیر ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین پر تنقید کی کہ وہ پروگرام رات دیر سے شیڈول کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، عاصم کو حال ہی میں اداکارہ یشما گل کی سالگرہ کی تقریب میں بھی دیکھا گیا، جہاں وہ اور ہانیہ عامر کے ساتھ وائرل گانے ’پل پل‘ پر لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
