بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے حال ہی میں اپنی اہلیہ اور دنیا کی خوبصورت اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بیٹی آرادھیا بچن کی سپر موم قرار دیا۔
ابھیشیک بچن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ایشوریا نے ماں بننے کے بعد اپنی تمام تر توجہ بیٹی کی پرورش پر مرکوز کر دی اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو پسِ پشت ڈال دیا۔
ابھیشیک کے مطابق ایشوریا نے ماں بننے کے بعد کبھی کسی بات کی شکایت نہیں کی، وہ ہمیشہ اپنی بیٹی کے لیے بہترین ماں ثابت ہوئی ہیں، اسی لیے میں انہیں سپر موم کہتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میڈیا اور عوام کی جانب سے آرادھیا کی پیدائش کے بعد ایشوریا کے وزن میں اضافے پر کئی منفی تبصرے کیے گئے، لیکن انہوں نے خاموشی کے ساتھ وہ وقت گزارا اور ہمیشہ باوقار انداز میں خود کو پیش کیا۔
دوسری جانب ایشوریا رائے بچن نے بھی ایک موقع پر کہا کہ وہ اپنے چاہنے والوں کی محبت اور دعاؤں کی دل سے شکر گزار ہیں، میں ہر اس محبت کے لمحے کے لیے شکر گزار ہوں جو مجھے لوگوں سے ملتا ہے، یہی محبت مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
