قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ذاتی وجوہات کے باعث لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر وطن واپس آ گئے۔
شاہین آفریدی کا ایونٹ کے دوران اپنی ٹیم کینڈی رائلز کی انتظامیہ کے ساتھ 19 جولائی کے میچ میں شامل نہ کرنے پر اختلاف بھی ہوا تھا۔
کولمبو کیپٹلز کے خلاف ہونے والے میچ میں انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر کھلانے کا کہا گیا لیکن آفیشل ٹیم شیٹ میں ان کا نام ہی شامل نہیں تھا جس پر شاہین آفریدی نے ناراضی کا اظہار کیا۔
کینڈی رائلز انتظامیہ نے اس پر شاہین آفریدی سے معذرت کی تھی اور بتایا تھا کہ اینالسٹ کی غلطی کی وجہ سے ان کا نام فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے کولمبو کیپس کیخلاف میچ سے قبل پاکستانی پیسر سے کہا کہ وہ بطور ”امپیکٹ پلیئر“ حصہ لیں گے، یہ قانون آئی پی ایل نے متعارف کرایا تھا۔
اس قانون کے مطابق کوئی بھی ٹیم میچ سے قبل ایک کھلاڑی کا نام دیتی ہے جو کسی اور کی جگہ لے کر بیٹنگ یا چار اوورز باؤلنگ کر سکتا ہے، پلیئنگ الیون میں پہلے شامل کرکٹر میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکتا۔
