پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی مجوزہ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے تحت قومی کرکٹرز کو مختلف ٹریکس اور گریڈز میں تقسیم کرتے ہوئے ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس کا نیا ڈھانچہ مرتب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اے بی (AB) ٹریک گریڈ ون میں شامل کھلاڑیوں کو 48 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 38 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔
اے بی ٹریک کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی 5 لاکھ روپے میچ فیس بھی دی جائے گی۔
اسی طرح اے (A) ٹریک گریڈ ون کے کرکٹرز کو 40 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑیوں کو 36 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ اس ٹریک میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 6 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 4 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی (BC) ٹریک گریڈ ون میں شامل کھلاڑی 34 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 26 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔ اس ٹریک میں ٹیسٹ میچ کی 9 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 5 لاکھ روپے میچ فیس مقرر کی گئی ہے۔
