گوا کے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں شعلے کے مشہور کردار جے اور ویرُو کی سواری، 1942 کی بی ایس اے ڈبلیو ایم 20 موٹر سائیکل، بھارتی فلمی ستارے دھرمیندر کی یاد میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
شعلے فلم کی یہ بائیک، جو گانے “یہ دوستی” میں نظر آئی تھی، دھرمِندرا کے انتقال کے بعد غیر متوقع طور پر ایک یادگار بن گئی۔
رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل شیشے کے خانے میں رکھی گئی ہے، جہاں لوگ رک کر اسے دیکھ رہے ہیں، تصویریں کھینچ رہے ہیں اور خاموشی سے اس کے سامنے کھڑے ہو کر یادوں میں کھو جاتے ہیں۔ مداحوں کے لیے یہ صرف ایک مشہور فلمی سامان نہیں، بلکہ دھرمیندر کی یاد بن چکی ہے۔
دھرمیندر کی یاد میں ایک مداح نے کہا کہ ہم اس بائیک کو دیکھ کر بہت خوش تھے، یہ ہمیں 1975 کی فلم کی یاد دلاتی ہے، شعلے واقعی ایک کلاسک فلم ہے، مگر آج جب یہ بائیک دیکھی تو خوشی کے ساتھ اداسی بھی محسوس ہوئی۔ ہم نے ایک عظیم اداکار کھو دیا۔

