قومی احتساب بیورو (نیب) نے مالیاتی فراڈ کے متاثرین کو بازیاب ہونے والی رقوم آن لائن منتقل کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
آن لائن ادائیگیوں کے اس نئے نظام کا باقاعدہ آغاز نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کی۔
اس موقع پر ابتدائی طور پر B4U فراڈ کیس کے متاثرین کو ان کی رقوم براہ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں۔
تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب، مختلف ڈائریکٹر جنرلز، نیشنل بینک آف پاکستان کی اعلیٰ انتظامیہ اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ چیئرمین نیب نے خود آن لائن رقوم کی منتقلی کا افتتاح کیا۔
یہ ایک بڑی پیش رفت ہے جس کا مقصد متاثرہ افراد کو دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچانا ہے۔
ماضی میں نیب متاثرین کو پے آرڈرز کے ذریعے رقوم ادا کرتا تھا، جس میں وقت کا ضیاع ہوتا اور متاثرین کو نیب دفاتر کے کئی چکر لگانے پڑتے تھے۔ اب اس نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن سے یہ عمل نہ صرف تیز ہو گیا ہے بلکہ شفافیت اور سہولت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
