سہ ملکی سیریز میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں یو اے ای کے محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی میں کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔ محمد وسیم نے افغانستان کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 37 گیندوں پر 67 رنز کی تیز اننگز کھیلی، انہوں نے چھ چھکے اور چار چوکے بھی لگائے۔
ان کی برق رفتار اننگز کے باوجود متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو 38 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں 110 چھکے مارے ہیں دوسری جانب بحیثیت کپتان روہت شرما نے 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے،اس طرح انہوں نے روہت شرما کو چھکوں کے حوالے سے مات دے دی۔
