پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار سُست ہونے کی وجہ بھارت کی طرف سے کیا گیا سائبر حملہ ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش اور سُست رفتار کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شکیل احمد نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کی۔
گزشتہ روز پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق عدالت میں اپنا جواب جمع کروایا گیا تھا جس میں پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کی بندش اور کم اسپیڈ کا اعتراف کیا۔ رپورٹ میں انٹرنیٹ کے متاثر ہونے کی چار وجوہات بیان کی گئیں۔
دورانِ سماعت پی ٹی اے کے وکیل نے بتایا کہ رپورٹ میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہونے کی چار وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ زیر سمندر سمبیرین کیبل کٹ جانے سے انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہوئی۔
وکیل کا کہنا تھا کہ دوسری وجہ 31 جولائی کی دوپہر کو ایک انٹرنیٹ کمپنی کی غلط تربیت کی وجہ سےرفتار میں کمی آئی۔ تاہم متعلقہ انٹرنیٹ کمپنی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ملازمین کو معطل کردیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق تیسری بڑی وجہ 15 اگست کو انڈین نیشنل ڈے پر سائبر اٹیک تھا جس سے انٹرنیٹ سلو ہوا۔ پی ٹی اے نے اعتراف کیا ہے کہ وی پی این کے بے تحاشہ استعمال کی وجہ سے بھی انٹرنیٹ کی سپیڈ متاثر ہوئی ہے۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو درخواست میں ترمیم کرکے دائر کرنے کی ہدایت کردی۔