پاکستان نیشنل آرٹس کونسل میں جنگ عظیم دوم میں جاپان کیخلاف فتح کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اور چین پاکستان کے درمیان امن کے جذبے کو فروغ دینے اور ثقافتی تبادلے کو مزید گہرا کرنے کیلیے بچوں کی پینٹنگ مقابلے کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ اور ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد اُن افراد کی قربانیوں کو یاد کرنا ہے جنہوں نے امن، آزادی اور وقار کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
انہوں نے نمائش کے انعقاد پر پی این سی اے اور چینی سفارتخانے کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا، اور بچوں کو فن کے ذریعے امن، دوستی اور یکجہتی جیسے موضوعات سے جوڑنے کے منفرد انداز کی تعریف کی۔
چین کے ناظم الامور شی یوان چیانگ نے اپنے خطاب میں چینی عوام کی جاپانی جارحیت کیخلاف جنگ کی بہادرانہ تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے ایک وقت میں فاشزم کیخلاف شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عالمی امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
